ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کانگریس پارٹی کوسمندر میں غرق کرنے کا سلسلہ انکولہ سے شروع ہوگیا ہے: اننت کمار ہیگڈے کی بولتی بند کرنے کھڑی ہوگئی ایک خاتون

کانگریس پارٹی کوسمندر میں غرق کرنے کا سلسلہ انکولہ سے شروع ہوگیا ہے: اننت کمار ہیگڈے کی بولتی بند کرنے کھڑی ہوگئی ایک خاتون

Sun, 04 Mar 2018 22:12:26    S.O. News Service

انکولہ 4مارچ(ایس او نیوز) بی جے پی کی طرف سے ریاستی حکومت کے خلاف عوامی رجحان بنانے کی نیت سے شروع کی گئی’ منگلورو چلو ریالی ‘کا آغاز کرتے ہوئے مرکزی وزیر اننت کمار ہیگڈے نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو سمندر میں ڈبونے (وسرجن) کا سلسلہ یہاں سے شروع ہورہا ہے۔اننت کمار کا کہنا تھا کہ بدنظمی اور ظلم و ستم کی انتہا جو سدارامیا کے دور اقتدار میں ہوئی ہے وہ اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔

اننت کمار کے سوالات:پروگرام کے دوران مرکزی اننت کمار ہیگڈے نے کانگریس پرکڑی تنقید جاری رکھی اورکسی کانام لئے بغیر(کانگریسی ایم ایل اے پر) نشانہ سادھتے ہوئے کہا کہ پتہ چلا ہے کہ انکولہ میں کوئی ہزاروں کروڑ روپے والا سردار موجود ہے۔اس کی طرف سے سیکڑوں کروڑ روپوں کے تعمیراتی کام انجام دینے کی بات کہتے ہوئے اپنی پیٹھ خود ہی تھپتھپائی جارہی ہے۔لیکن سننے میں آیا ہے کہ اس نے جو تعمیراتی کام کیا ہے ، وہ بعض جگہ سے بالکل غائب ہوگیا ہے۔البتہ تعمیراتی کام کے نام پر دھن جمع کرنے کا کام ضرور کیا گیا ہے۔ تو کیا ایسے لوگوں کو عوام یونہی چھوڑ دیں گے؟ ہندوؤں کے قتل کی مسلسل وارداتیں ہورہی ہیں۔ قانون اور امن کی صورتحال پوری طرح تباہ ہوگئی ہے۔کیا سدارامیا ان سوالوں کا کوئی جواب دیں گے؟

اننت کمار کی بولتی بند:جب اننت کمارنے پر جوش انداز میں اس طرح سوال پوچھا تو حاضرین میں سے ایک خاتون کھڑی ہوگئی اور بلند آواز میں کہا:’’میں جواب دیتی ہوں!‘‘اچانک سارا مجمع پلٹ کر اس خاتون کو دیکھنے لگا۔ اس نے باربار دہرایا کہ ’’میں جواب دیتی ہوں!‘‘اس پر کچھ دیر کے لئے اننت کمار کی بولتی بند ہوگئی اور منتظمین ہکّا بکّا رہ گئے۔انہیں سمجھ میں کچھ نہیں آرہا تھا کہ کیا کیا جائے، اس موقع پر کچھ لوگوں نے خاتون کو روکنے کی کوشش کی اور اُسے وہاں سے ہٹانے کی کوشش کرنے لگے، مگر خاتون خاموش نہیں ہوئی، جس کے بعد لیڈیز پولیس کے ذریعے اس خاتون کو جلسہ گاہ سے باہر لے جایا گیا ۔  بعد میں یہ خبر اڑائی گئی کہ اس خاتون کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں ہے۔



اس موقع پر رکن اسمبلی وشویشورا ہیگڈے کاگیری نے کہا کہ ریاست میں حکومت کی طر ف سے خوف وہراس کا ماحول بنادیا گیا ہے اور عوام ڈر کے سایے میں جینے پر مجبورہوگئے ہیں۔جنگ آزادی کی اس سرزمین سے شروع ہونے والی یہ پدیاترا کانگریس کے خاتمے کا سبب بننے والی ہے اوریہاں سے کانگریس سے پاک بھارت کے قیام کی چاپ سنائی دے رہی ہے۔کاگیری نے کہا کہ اس پدیاترا کے نتیجے میں کانگریس کے تابوت میں خودسدارامیا ہی آخری کیل ٹھونکنے والے ہیں۔


Share: